پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ممکنہ طور پر اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان اپنا کمرشل آپریشن 6 اگست سے دوبارہ شروع کرنے جارہے ہی جس میں کم ترین کرایوں کے ساتھ اضافی مفت سامان لے جانے کی پیشکش بھی کی جائے گی ۔ یہ بات چین میں پی آئی اے کے کنٹری منیجر بلال افضل نے بتائی ۔
انہوںنے کہا کہ وہ اس روٹ کے لیے ہمیشہ کی بہترین پالیسی پیش کر رہے ہیں جس میں ہر طرح کے مسافر اس سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں،اس کے علاوہ طلبا ء کیلئے بھی ریلیف دیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پی آئی اے 6 اگست 2023 سے چین کے لیے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر رہی ہے۔ ابتدائی طور پرہر اتوار کو ایک ہفتہ وار پروازاسلام آباد،بیجنگ،اسلام آباد چلے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ مارکیٹ میں سب سے کم کرایوں کی پیشکش کر رہے ہیں جس میں اکانومی کلاس میں 50کلو گرام اوراکانومی پلس میں60کلو گام مفت سامان لے جانے کی اجازت ہوگی۔بیجنگ ،اسلام آباد کا یک طرفہ کرایہ 3814آر ایم بی اورواپسی کا کرایہ 5685آر ایم بی ہو گا۔80 کلوگرام مفت سامان کے ساتھ طلبا ء کو 20 فیصد رعایت کی بھی پیشکش کر رہے ہیں اور اگر ٹکٹ آن لائن خریدے جائیں تو مسافر مزید رعایت حاصل کر سکتے ہیں۔