الخدمت فائونڈیشن, گوادر کی خواتین کیلئے سلائی سینٹر کا قیام

الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور نے گوادر کی خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے سلائی سینٹر قائم کر دیا۔سلائی سینٹر میں خواتین کو مستقل بنیادوں پر سلائی کڑھائی سے متعلق ہنر سکھایا جائے گااورہر بیچ میں درجنوں خواتین کورس مکمل کر کے گھر بیٹھے روزگار حاصل کر سکیں گی۔

سلائی سینٹر کا افتتاح صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کیا۔اس موقع پرڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ لاہور نہ صرف خواتین کو ہنرمند بنانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے بلکہ صحت ،بچیوں کو جہیز فراہم کرنے ، مستحق خاندانوں کو راشن کی فراہمی اور یتیم بچوں کی کفالت سمیت دیگر فلاحی سرگرمیوں میں مصروف ہے جو قابل ستائش ہے۔

انہوں نے الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہورکی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سلائی سینٹر کے قیام سے بلوچستان کی غریب خواتین تربیت پانے کے بعد اپنے خاندانوں کی کفالت میں بھر پور کردار ادا کر سکیں گی۔الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ لاہور کی نائب صدر صباء ثاقب نے کہا کہ الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ بلوچستان کی پسماندہ خواتین کیلئے مستقبل میں بھی ایک موثر کردار ادا کرتا اور اپنی بہنوں کی مدد کے لئے ایسے تحفے دیتا رہے گا۔