اورنج لائن ٹرین, 100ملین رائونڈ کا سنگ میل عبور

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان کے صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں چلنے والی اورنج لائن میٹرو ٹرین نے آپریشنل ہونے کے بعد اب تک 100ملین رائونڈ کا سنگ میل عبور کر لیا ،ٹرین کے اسٹیشنز کو شمسی توانائی پر تبدیل کرنے کے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ۔

یہ بات اورنج لائن میٹرو ٹرین سسٹم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لی چن نے ایک بریفنگ میں بتائی ۔ اس موقع پر ڈپٹی جنرل منیجر اورنج لائن میٹرو ٹرین عمر چشتی نے بریفنگ میں بتایا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور کے شہریوں کو سستی اور آرام دہ سہولیات دے رہی ہے ۔ میٹرو ٹرین میں شہریوں کو فی کلو میٹر 7روپے سے زائد سبسڈی دی جارہی ہے ۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پیک کے تحت تعمیر کی گئی ، چین نے دیگر عالمی کمپنیوں کی نسبت ایک تہائی بجٹ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ مکمل کیا ۔ انہوںنے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کو قابل عمل منصوبہ بنانے کے لئے اور جاری اخراجات میں کمی کے لئے مقامی سطح پر سپیئر پارٹس کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، میٹرو ٹرین منصوبے کی کامیابی کے بعد بلیو لائن اور پرپل لائن منصوبوں پر بھی کام جاری ہے ۔انہوںنے بتایا کہ تین سال کے دوران اورنج لائن ٹرین میں کوئی فنی خرابی ہوئی نہ کوئی حادثہ پیش آیا ۔