ای کامرس بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو انٹرپرینیورشپ ٹریننگ پروگرام جو کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ایک نیا منصوبہ ہے توقع ہے کہ ڈیجیٹل مہارتوں کے ساتھ 100,000 طلبا ء کی تربیت کے ذریعے 10 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
گوادر پرو کے مطابق صدر ای کامرس گیٹ وے ڈاکٹر خورشید نظام نے کہاکہ دو معاہدوں پر پہلے ہی دستخط ہو چکے ہیں جبکہ تیسرا معاہدہ پاکستان اور چین کے تکنیکی اور پیشہ ورانہ اداروں کے درمیان جاری ہے جس کے تحت 100,000 سے زائد نوجوان پاکستانی طلبا ء کو انگریزی زبان میں مہارت حاصل ہو گی، بی آر آئی ای کامرس پروگرام کے تحت 100,000 طلبا ء ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کریں گے۔ای کامرس بی آر آئی ایک میڈیم کے طور پر کام کرتا ہے جو بیچنے والوں اور خریداروں کے درمیان فرق کو ختم کرتا ہے۔ آن لائن بی ٹو بی پورٹل فروخت کنندگان کو اپنی کمپنی کا پروفائل، انوینٹری ترتیب دینے اور اپنی خدمات اور مصنوعات کے بارے میں مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ اپنے سامان اور خدمات کی نمائش کرکے بیچنے والے ممکنہ عالمی خریداروں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ڈاکٹر نظام خورشید کے مطابق یہ پروجیکٹ نوجوان طلبا ء کو اپنی آن لائن کمپنیاں بنانے میں مدد کے لیے تین ماہ کا ورچوئل کورس پیش کرتا ہے۔ہم انہیں ای لیٹر ہیڈ اور ای وزیٹنگ کارڈ فراہم کرتے ہیں جو نوجوانوں کو عملی طور پر سیکھنے اور ڈیجیٹل ٹریننگ کے ذریعے کم سے کم یا بغیر کسی سرمایہ کاری کے اپنے کاروبار قائم کرنے کی ترغیب دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کورس کے لیے کم از کم قابلیت انٹرمیڈیٹ ہے۔ کورس کا مواد سرحد پار ای کامرس کی متعدد چینی یونیورسٹیوں کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے اور یہ کورس مفت ہے کیونکہ اسے چینی حکومت نے سپانسر کیا ہے۔چین ڈیجیٹل شعبے میں مسلسل ترقی کر رہا ہے اور اپنی ڈیجیٹل اکانومی کو سپورٹ کرنے کے لیے اپنی مواصلاتی ٹیکنالوجی کو پاکستان تک پہنچا رہا ہے۔ چین اور پاکستان کے درمیان یہ ڈیجیٹل کنیکٹوٹی عوام سے عوام کے رابطوں کو بڑھانے کے بہت سے مواقع پیدا کرے گی۔