بلوچستان، گوگل کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بلوچستان کے نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت کے لئے بلوچستان حکومت اور گوگل کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں ۔اس سال مئی میں گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے1000سکالر شپ دی تھیںاور اس پروگرام میں 900 سے زائد نوجوانوں نے انرولمنٹ کرائی جبکہ گوگل کی جانب سے مزید 2000 سکالر شپس دیئے گئے ہیں ان میں لڑکیوں اور لڑکوں کے لئے ایک ،ایک ہزار سکالر شپس شامل ہیں ۔

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے وژن کے مطابق صوبے کے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبہ میں مہارت کی فراہمی کے حوالے سے بلوچستان حکومت اور گوگل کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے ،اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو عصر جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے آن لائن روزگار کے حصول کے قابل بنانا ہے ۔ گوگل صوبائی محکمہ اطلاعات کی ڈیجیٹل لائزیشن میں معاونت بھی فراہم کرے گا۔ صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی اور چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔مفاہمتی یاداشتوں پر سیکرٹری آئی ٹی طیب لہڑی ،سیکرٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات اور گوگل ٹیم لیڈر عمر فاروق نے دستخط کئے ۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان عبد العزیز عقیلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت اور گوگل کے مابین معاہدہ اہم پیشرفت ہے ،وزیراعلی بلوچستان صوبے کے نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں ،اس سال مئی میں گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے1000سکالر شپ دی تھیں،اس پروگرام میں 900 سے زائد نوجوانوں نے انرولمنٹ کرائی ۔ معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات نے بتایا کہ گوگل کی جانب سے مزید 2000 سکالر شپس دیئے گئے ہیں ان میں لڑکیوں اور لڑکوں کے لئے ایک ،ایک ہزار سکالر شپ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرن شپ کے حامل نوجوانوں کی انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن ہوگی جس سے وہ آن لائن جاب حاصل کر سکیں گے اور ماہانہ ایک ہزار ڈالر تک کمانے کے قابل ہوں گے۔