بلوچستان کے غریب مسیحی خاندانوں کو اپنے گھروں کی فراہمی کیلئے 20ایکڑ زمین کی منظوری دیدی گئی جس پر جلد ہی ہائوسنگ سکیم بنائی جائے گی ۔ یہ بات پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے نوری نصیرکلچرل سینٹر میں دارلعمل ویلفیئرآرگنائزیشن کی جانب سے اپنے اعزازمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتائی ۔
پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج نے کہاکہ بلوچستان میں بسنے والی اقلیتوں اور خاص کر مسیحی قوم نے ہمیشہ بلوچستان کی تعمیرو ترقی میںاپنابھرپورکرداراداکیا ہے ،مسیحی قوم کی تعلیم ،صحت سمیت دیگر شعبوں میں خدمات ناقابل فراموش ہیں ،وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو بلوچستان میں بسنے والی اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل اورانہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں،وزیراعلی نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کیلئے سائونڈ سسٹم کے علاوہ سکیورٹی آلات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایاجبکہ سرکاری محکموں کوسرکاری ملازمتوں میںاقلیتوں کے 5فیصدکوٹے پرسختی سے عملدرآمدکی ہدایات جاری کی ہیں جس کی بدولت اقلیت سے تعلق رکھنے والے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں مددمل رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ میری درخواست پر وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجواور صوبائی کابینہ نے بے گھراورغریب مسیحی افراد خاندانوںکو گھروں کی فراہمی کیلئے کوئٹہ میں 20ایکڑ زمین کی فراہمی کی منظوری دیدی ہے جس پرجلدہی ہائوسنگ سکیم بنائی جائے گی جس میں بیوائوں اور بے گھر افراد کو مفت 1500فٹ کے پلاٹ فراہم کئے جائیں گے ،جن افراد کو یہ پلاٹ فراہم کئے جائیںگے وہ یہ پلاٹ فروخت نہیں کرسکیںگے۔انہوں نے کہاکہ رہائشی سکیم میں تعلیمی ادارے،عبادتگاہ ، سپورٹس کمپلیکس اور قبرستان کیلئے بھی زمین مختص کی جائے گی ،اگر کوئی شخص پلاٹ کی فراہمی کیلئے کسی سے کوئی رقم مانگے تو عوام اس کی نشاندہی کریں تاکہ اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔