محکمہ فشریز کی جانب سب اسٹیشن کلمت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ، فشریز اسٹاف بھی تعینات کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری بلوچستان فشریز حافظ طاہر، ڈی جی فشریز سیف اللہ کھیتران اور ڈائریکٹر فشریز گوادر مشتاق احمد کی خصوصی احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز عبدالرزاق بلوچ نے پسنی کے ساحلی پٹی کلمت کے مقام پر فشریز سب اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کرلیا
جہاں باقاعدہ پسنی فشریز کا عملہ قیام کرے گاجو کلمت کے ساحل کے مختلف مقامات پر گشت کرے گا اور کسی بھی وقت ماہی گیروں کی جانب سے موصول شکایت پر ہنگامی بنیادوں پر ایکشن لیا جائے گا ۔پسنی میں سب اسٹیشن کلمت کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا، کلمت اسٹیشن کا افتتاح اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز پسنی عبدالرزاق بلوچ کی سربرائی میں ہوا جہاں باقاعدہ اسٹاف کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی۔اس موقع پر اے ڈی فشریز عبدالرزاق بلوچ نے کہا کہ سب اسٹیشن کلمت گجہ وائرنیٹ کے خلاف بروقت کاروائیوں کے لئے مدد گار ثابت ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کی خوشحالی اور ان کی شکار گاہوں کی تحفظ کے لئے محکمہ فشریز اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پسنی کے سمندری حدود میں ماہی گیروں کی روزگار کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے پٹرولنگ میں مزید تیزی لائی گئی ہے ۔