چین اقتصادی راہداری کے تحت بننے والے رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے پہلے مرحلے کا تعمیراتی کام رواں سال مارچ میں مکمل ہونے کی نوید سنا دی گئی ۔رشکئی خصوصی اقتصادی زون سی پیک کے تحت ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جسے چینی اور پاکستانی کمپنیاں مشترکہ طور پر تیار کر رہی ہیں ۔
سی آر بی سی پاکستان کے ترجمان جو کہ خصوصی اقتصادی زون کے چینی انڈرٹیکر ہیں نے بتایا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے پہلے مرحلے کا تعمیراتی کام رواں سال مارچ میں مکمل ہو جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے فیز ون کی تعمیر کا ایک اہم حصہ پاور ٹرانسمیشن اور ٹرانسفارمیشن ہے جبکہ اس کے علاوہ تعمیراتی کام بھی زوروں پر ہے۔
رشکئی خصوصی اقتصادی زون منصوبے میں الیکٹریکل انجینئر اور بیرونی امور کے ڈائریکٹر اور سی پیک منصوبوں 2022 میں شاندار پاکستانی عملے کے لیے ایوارڈ وصول کرنے والے انجینئر سمیع اللہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں تعمیراتی کام مکمل ہونے کے قریب ہے، یہ ہماری غیرمعمولی کامیابی ہے کہ منصوبے پر تمام کام اپنے شیڈول کے مطابق پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں۔انجینئر سمیع اللہ جورشکئی خصوصی اقتصادی زون میں 132 کے وی گرڈ اسٹیشن اور 11 کے وی ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی تعمیر کی نگرانی کر رہے ہیںنے بتایا کہ منصوبے کے ڈیٹا کیلئے بہت سی چیزیں اکٹھی کیں اور ان کا مطالعہ کیااور تجربے کا استعمال کرتے ہوئے دیگر ٹیم کے ساتھ مل کر اسے مثبت طریقے سے آگے بڑھایا ۔
سمیع اللہ نے بتایا کہ جیسے جیسے رشکئی خصوصی اقتصادی زون تکمیل کے قریب ہے، اہم کام کاروباری اداروں کے لیے معیاری طریقہ کار، قواعد و ضوابط بنانا ہوں گے۔ مذکورہ اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ہمیں بہت سے تکنیکی، تجارتی اور قانونی طریقہ کار سے گزرنا ہوگا جس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے لیکن ہم اس کے لیے کافی پر امید اور پرعزم ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ کئی کاروباری ادارے خصوصی اقتصادی زون میں داخل ہوئے ہیں اور اپنی تعمیر کر رہے ہیں ۔