ریکوڈک منصوبہ ،بیرک گولڈ کمپنی کی وزیر اعظم سے ملاقات

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سونے اور تانبے کی تلاش کے سب سے بڑے پراجیکٹ ریکوڈک پر کام کرنے والی بیرک گولڈ کمپنی کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک برسٹوو  کی سربراہی میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اورمنصوبے پر اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔اس منصوبے سے جہاں پاکستان کو بے پناہ معاشی فائدہ ہوگا وہیں بلوچستان میں ملازمتوں کے 8ہزار مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

ملاقات میں بیرک گولڈ کے وفد کا ریکوڈیک منصوبے پر سرمایہ کاری میں حکومت پاکستان کے حصے کی پاکستانی روپوں میں ادائیگی پر اتفاق ہوا ہے ۔اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ ریکو ڈیک میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی کا قیام کیا گیا ہے جو بلوچستان کی عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ممکنہ اقدامات کی نشاندہی کرتی ہے، کمیٹی میں شامل مقامی عمائدین مقامی لوگوں کی ترقی کیلئے منصوبوں کی نشاندہی خود کرتے ہیں۔ریکوڈیک منصوبے میں بلوچستان بالخصوص باصلاحیت مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔منصوبے کی سرمایہ کاری میں سے علاقے کی ترقی پر بھی خطیر رقم خرچ کی جا ئے گی۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان منرل سمٹ میں بیرک گولڈ سمیت دیگر بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کی سند ہے، منرل سمٹ کی کامیابی اور پاکستان میں بیرک گولڈ جیسی بین الاقوامی کمپنیوں کے اعتماد کی بحالی سپیشل انویسٹمینٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے اجرا ء سے ممکن ہوا۔ملاقات میں مارک برسٹوو نے وزیراعظم کو ریکو ڈیک میں جاری ترقیاتی کام پر پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پورا پاکستان خصوصاً بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہیں، ان قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان اور علاقے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، اس منصوبے سے صوبے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیر اعظم ین ہدایت کی کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریکو ڈیک منصوبے کے حوالے سے حالیہ معاہدہ دونوں فریقین کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا،منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داری پوری کریں گے۔