سمندری حدود کے دفاع میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے ،چین میں تیار دو فری گیٹس پاکستان پہنچ گئیں، چین میں تیار 2 نئے ٹائپ 054 ایلفا فری گیٹس چند روز میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گی۔رپورٹ کے مطابق طغرل کلاس فری گیٹس پی این ایس ٹیپو سلطان اور پی این ایس شاہ جہاں کراچی پہنچ چکی ہیں۔
فری گیٹس کی پاک بحریہ میں شمولیت کی تقریب کراچی میں ہوگی جس کے بعد پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل ٹائپ 054 ایلفا فری گیٹس کی مجموعی تعداد 4 ہوجائے گی۔طغرل کلاس فری گیٹس بنیادی طور پر گائیڈڈ میزائل فری گیٹس ہیں، چینی شپ بلڈنگ کمپنی نے پاک بحریہ کی ضروریات کے مطابق چاروں فری گیٹس تیار کی ہیں۔فری گیٹس بیک وقت سطح آب، زیر آب اور فضا ء میں جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، طغرل کلاس فری گیٹس لو ریڈار آبزرویبیلیٹی کے باعث دشمن کیلئے زیادہ مہلک ہیں۔ٹائپ 054 ایلفا فری گیٹس جدید ترین حربی ساز و سامان اور سینسرز سے لیس ہیں، فری گیٹس پر سطح سے سطح پر مار کرنے والے سی ایم 302 میزائل نصب کیے گئے ہیں۔طغرل کلاس فری گیٹس پر سطح سے فضا ء میں مار کرنے والے ایل وائے 80 میزائل بھی موجود ہیں، 134 میٹر طویل، 42 ہزار ٹن ڈسپلیسمنٹ کے ساتھ فری گیٹس کی رفتار 27 ناٹس تک ہے۔پاکستان نے2017 میں ٹائپ 054 ایلفا فری گیٹس کی خریداری کیلئے آرڈر دیا تھا۔