پنجاب میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسران اوراہلکاروں کے دوسرے بیچ کیلئے 10ہفتے پر مشتمل چینی زبان سکھانے کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ۔سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کو پنجاب میں سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے غیر ملکیوں خصوصاًچینی باشندوں کی سکیورٹی کے لئے تعینات کیا جاتا ہے ۔
سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے اہلکاروں کے لئے چینی زبان سکھانے کا پہلا پروگرام 2019 میں شروع کیا گیا تھا اور کورونا وباء کے بعد اب یہ دوسرا پروگرام ہے جس کا انعقاد چینی قونصلیٹ لاہور نے وزیراعلی پنجاب کی تجویز پر کیا ہے۔چینی قونصلیٹ لاہور کی جانب سے افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، چینی قونصل جنر ل ژائو شیریں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شکیل احمد، ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طیب حفیظ چیمہ، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اور دیگر نے شرکت کی ۔
پروگرام کے مطابق یہ ہر ہفتہ اور اتوار کو 10سے12بجے تک منعقد ہوہوگا جس کی مدت10ہفتوں تک ہو گی ۔چینی زبان سکھانے کے لئے کتابچہ بھی مرتب کیا گیا ہے ۔بتایا گیاہے کہ چینی قونصلیٹ لاہور نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے 50 افسران و اہلکاروں کو دو کلاسوں میں تقسیم کیا ہے جہاں انہیں تین چینی اساتذہ چینی زبان سکھائیں گے جبکہ جبکہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ اورپنجاب یونیورسٹی کے دو اساتذہ معاونت کریں گے۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسروں اور اہلکاروںکیلئے چینی زبان سکھانے کا پروگرام شروع کرنے پر چین کے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ چینی زبان اب ایک بین الاقوامی لینگوئج بن چکی ہے۔
چینی لینگوئج سیکھنے سے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے عملے کو چینی بھائیوں سے بات چیت میں آسانی ہوگی۔ چینی قونصل جنرل زائو شیرین نے ذاتی دلچسپی لے کر ہماری درخواست پر ایس پی یو کیلئے چینی زبان کا کورس شروع کرایا۔سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسران اور جوان غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی بھائیوں کی حفاظت کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔چین کے تعاون سے صوبے کے عوام کی فلاح کیلئے مزید اقدامات کریں گے۔چینی قونصل جنرل زائو شیرین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعلی محسن نقوی کی خواہش پر چینی قونصلیٹ نے پنجاب حکومت کے تعاون سے یہ پروگرام شروع کیا ہے۔وزیراعلی محسن نقوی کی عوامی خدمات سے بہت متاثر ہوں۔دو طرفہ تعلقات میں اضافے کیلئے بھی وزیراعلی محسن نقوی مثالی اقدامات کر رہے ہیں۔سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسروں اور اہلکاروں کیلئے چینی لینگوئج کا کورس خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ بھرپور تعاون پر وزیراعلی محسن نقوی کے شکر گزار ہیں۔انہوںنے کہاکہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسران اور اہلکار قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر صوبے بھر میں غیر ملکیوں اور خاص طور پر سی پیک پر اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کو تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔