چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ترجیحی منصوبے دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ۔اس منصوبے میں تقریباً 5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا تصور متعارف کرایا اور ہم نے اس کے تحت کئی منصوبے بنائے، تھر کول کے ذریعے سندھ نے اپنا حصہ ڈالا،پیپلز پارٹی کی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مقامی لوگوں کو سب سے پہلے روزگار دینا ہے، ووکیشنل ٹریننگ پر بھی کام کر رہے ہیں، ہم ووکیشنل ٹریننگ میں بھی سرمایہ کاری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دھابیجی اکنامک زون سے 1 لاکھ 50 ہزار روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے ، ہماری پہلی ترجیح ملک کو بحران سے نکالنا ہے، خصوصی اقتصادی زون میں دنیا کے ساتھ مل کر چلیں گے، اس معاشی انقلاب کو ٹھٹھہ، کراچی سے شروع کر کے پورے پاکستان میں پھیلائیں گے، ہماری ترجیح ہے کہ اس ملک کے نوجوان کو بیروزگاری سے نکالنا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سی پیک کا مقصد یہی تھا کہ چین کی مدد سے ایسے انڈسٹریل زونز دیں جہاں لوگوں کو روزگار میسر ہو، پاکستان کی اپنی ایکسپورٹس بڑھیں اور خوشحالی آئے۔وفاقی حکومت کی طرف سے دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کی منظوری پچھلے ماہ ملی، دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کے کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا، بطور وزیرا عظم دھابیجی خصوصی اقتصادی زون کے افتتاح کے لیے بھی بلاول کو مدعو کریں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ چین کی حکومت نے کہا تھا کہ سی پیک کا آئیڈیا آصف علی زرداری نے دیا تھا، آج کل لوگ بہت باتیں کرتے ہیں کہ سی پیک کس نے شروع کیا، سی پیک کا ہرگز یہ مطلب نہیں تھا کہ کچھ سڑکیں بنا دو، جب تک اکنامک زونز نہیں بنیں گے، سی پیک آگے نہیں بڑھے گا، اس پراجیکٹ کی لوکیشن اس سے بہتر ہو نہیں سکتی۔انہوں نے کہا کہ یہ چھوٹا سا پائلٹ ہے اسے ہم اور بڑھائیں گے،دھابیجی سے ایئر پورٹ اور پورٹ قاسم بہت نزدیک ہے، ملیر ایکسپریس وے روڈ بن جائے گا، اس کے بعد اور آسانی ہو جائے گی، جگہ کم پڑے گی تو ہم اس پروجیکٹ کے لیے اور زمین دیں گے، ٹھٹھہ ضلع پاکستان کا نمبر ون انڈسٹریل ڈسٹرکٹ ہو جائے گا۔