چین پاکستان راہداری کے تحت تعمیر ہونے والے سوکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ۔دریائے کنہار پر کنکریٹ ڈیم کی کامیاب کیپنگ سے پاور اسٹیشن کی تعمیراتی پیشرفت کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔چائنا گیزوبا گروپ کمپنی لمیٹڈ کے سوکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ڈپٹی مینیجر چن جیانگبو نے کیپنگ کو 884 میگا واٹ کے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد چیلنجوں کے باوجود چینی اور پاکستانی انجینئرز اور دیگر عملے نے کامیابی سے پیشرفت کی ہے ۔
ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر جنوری 2017 میں تقریباً 1.96 بلین امریکی ڈالر کی کل سرمایہ کاری سے شروع ہوئی۔ چینی ڈپٹی مینیجر نے کہا کہ یہ پاکستان کے توانائی کے ڈھانچے کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گاجس سے ملک کی اقتصادی اور سماجی ترقی کو فروغ ملے گا۔انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ اپنی تکمیل کے بعد ہر سال تقریباً 3.21 بلین کلو واٹ گھنٹے صاف بجلی پیدا کرے گا اور سالانہ 2.52 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی آئے گی۔