اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی 10ویں سالگرہ پر 100 روپے کا یادگاری سکہ جاری کردیا۔مرکزی بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سکہ اسٹیٹ بینک کے تمام ایکسچینج کائونٹر پر دستیاب ہوگا۔یہ سکہ گول ہے سکہ کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.5 گرام ہے، اسے تانبے اور نکل دھات سے بنایا گیا ہے اس میں تانبہ 75 فیصد اور نکل 25 فیصد ہے۔
ڈیزائن کی تفصیلات کے مطابق سکہ کے سامنے کی طرف وسط میں خوبصورتی سے بنایا ہوا 5 کونوں والا بڑا ستارہ ہے، اس ستارے کے اندر فنکارانہ طور پر دائیں طرف ہلال اور ستارہ ہے (جیسا کہ پاکستان کے قومی پرچم پر موجود ہے)اور بائیں طرف 5 ستاروں کا جھرمٹ ہے، (جیسا کہ چین کے قومی پرچم پر موجود ہے)۔سکے میں ستارے کے اوپر بالائی نصف دائرے میں انگریزی رسم الخط میں ”CELEBRATING 10 YEARS OF CPEC ”اور زیریں نصف دائرے میں اردو رسم الخط میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے الفاظ کندہ ہیں۔واضح رہے کہ رواں ماہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو 10 سال مکمل ہوئے، دونوں ممالک کے سربراہ نے اس پر خصوصی پیغامات بھی جاری کئے تھے۔