چینی ایئرلائن نے لاہور سے ارومچی کیلئے دوبارہ پروازیں بحال کر دیں۔چینی ایئرلائن نے 2020 میں کورونا وبا ء کی وجہ سے پاکستان سے اپنا فضائی آپریشن معطل کر دیا تھا۔چینی قونصل جنرل ژا ئوشیرین نے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔لاہور ارمچی پرواز کی بحالی کے موقع پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں لاہور میں چین کے قونصل جنرل ژا ئوشیریں نے دیگر اعلیٰ شخصیات کی موجودگی میں کیک کاٹا ۔
اس موقع پر چائنہ سدرن ایئرلائنز کے لاہور آفس کی جنرل منیجر ژانگ زنگرو، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سی او او نذیر احمد خان، ایئرپورٹ سکیورٹی کے ڈائریکٹر صفدر وٹو، سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اور چینی سفارت کار بھی موجود تھے۔چائنا سدرن ایئر لائنز کے طیارے نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری جس سے لاہور سے ارومچی کے لئے براہ راست پرواز وں کا دوبارہ آغاز ہو گیا ۔اس موقع پر چینی قونصل جنرل ژا ئوشیرین نے کہا کہ تین سال سے زائد عرصے کی معطلی کے بعد چائنہ سدرن ایئرلائن کا افتتاحی مسافر طیارہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا ہے اور لاہور سے ارومچی کے لیے اپنی دوبارہ پرواز کا آغاز کر دیا ہے۔براہ راست فلائٹ آپریشن ایک ضرورت ہے اور یہ چین اور پنجاب کے درمیان عوام سے عوام کے تبادلے، تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے میں نئی رفتار پیدا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ دونوں اطراف کے تاجروں، مسافروں، طلبا ء اور سیاحوں کو وقت کی بچت اور سستی پرواز کی خدمات فراہم کرکے کاروباری دوروں میں بھی سہولت فراہم کرے گا۔ژا ئوشیرین نے پنجاب میں مارکیٹ کی زبردست صلاحیت کو تسلیم کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آپریشن دوبارہ شروع ہونے سے لاہور اور پنجاب کے مزید رہائشی چین کا سفر کریں گے۔ انہوں نے جہاز میں سوار تمام مسافروںکو خوش آمدید کہا اور یقین دلایا کہ قونصلیٹ جنرل اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں لاہور اور دیگر چینی شہروں کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہوں گی۔ چائنا سدرن ایئرلائنز کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ارومچی لاہور روٹ کو دوبارہ کھولنے سے چین اور پاکستان کے درمیان روابط اور تعاون کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور دونوں خطوں کے کے درمیان تبادلے اور بات چیت میں آسانی ہوگی۔ مزید برآں پروازوں کی بحالی سے دونوں خطوں کے درمیان اقتصادی، ثقافتی اور دیگر پہلوئوں میں تعاون کو بھی فروغ ملے گا، جس سے مقامی باشندوں اور کاروباری برادری کو فائدہ پہنچے گا۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، تاجر تنظیموں اور انجمنوں سمیت مختلف تنظیموں نے پروازوں کی بحالی کا خیرمقدم کیا ہے ۔