نگران وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی رفتار کو بھرپور طریقے سے برقرار رکھنے اور اس میں تیزی لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک خطے اور پاکستان کی ترقی میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔چیف اکنامسٹ اور سی پیک کے سربراہ ڈاکٹر ندیم جاوید نے سی پیک منصوبوں سے وابستہ پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ سید ظفر علی شاہ، سی پیک سیکرٹریٹ اور وزارت کے حکام نے شرکت کی۔نگران وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید وزیر نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ نگران حکومت اہم ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو برقرار رکھے گی۔نگران حکومت سی پیک کے جاری منصوبوں کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے پرجوش اور پر عزم ہے ۔انہوںنے سی پیک کی تبدیلی کی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ نگران حکومت کو تمام ترقیاتی اقدامات کی رفتار کو برقرار رکھنے کا پابند بنایا گیا تھا جس میں سی پیک کو انتہائی اہمیت دی جاتی ہے۔انہوں نے ترقی کی موجودہ رفتار کو برقرار رکھنے پر زور دیا اور تمام متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ قریبی روابط سے کام کریں تاکہ ترقی کا عمل جاری رہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ سی پیک خطے اور پاکستان کی ترقی میں نمایاں اضافہ کرے گا۔انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کے عمل کے اندر ایک موثر نگرانی کا طریقہ کار شامل کیا جانا چاہیے تاکہ اس کی پوری صلاحیت اور وسائل کے بہترین استعمال کو بروئے کار لایا جا سکے۔
