پاکستان سے طویل المدت تعلقات کے خواہاں:چینی قونصل جنرل

چین پاکستان دوستی اور سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی،چین پُر اعتماد ہے اور تمام مشکلات، چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی صلاحیت رکھتاہے اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں اور طویل مدت تک قائم ودائم رہیں۔یہ بات چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے چینی قونصلیٹ میں پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

چینی قونصل جنرل نے چیف ایڈوائزر پی سی ڈی ایم اے عارف بالگام والا کو چین اور پاکستان کی دوستی اور تعاون کے فروغ میںشاندار تعاون پر شیلڈ پیش کی جبکہ چین کے ساتھ تجارت کرنے والے تاجروں، درآمدکنندگان وبرآمدکنندگان میں بھی شیلڈ ز تقسیم کیں۔چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے امید ظاہر کی کہ تاجر برادری باالخصوص پی سی ڈی ایم اے اور پاکستان فلاٹیلک اینڈ نیومزمیٹکس فورم مستقبل میں بھی چین پاکستان تعاون کی کامیابی کے سفر کو فروغ دینے، چین اور پاکستان کی عوام کے ایک دوسرے کے رابطے کو مزید بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پنک سالٹ کی چین کو برآمدات 2021 میں 4.96 ملین ڈالر اور 2022 میں 5.75 ملین تک پہنچ گئیں جس میں سالانہ 15.7 فیصد اضافہ ہوا۔چین پاکستان کے ساتھ صنعتی تعاون کو وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔چیئرمین پی سی ڈی ایم اے شیخ محمد ندیم نے قونصل جنرل پر زور دیا کہ وہ سی پیک کے تحت پاکستان اور چینی کمپنیوں کے درمیان چھوٹے کاروباری منصوبوں میں پی سی ڈی ایم اے کو شامل کریں ۔