پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایک ماڈل چیمبر اور باہمی تجارت کے فروغ کا پلیٹ فارم ہے، اس پلیٹ فارم کے ذریعے 25ہزار طلبہ چینی زبان سیکھ چکے ہیں اور یہ چیمبر پاکستان چائنا ٹیکنالوجی گیٹ کے طور پر بھی کام کررہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر معظم گھرکی نے صوبائی وزیر صنعت وتجارت و توانائی ایس ایم تنویر کو چیمبر کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے صوبائی وزیر کو صنعتکاروں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعے موجود ہیں،ملکی و غیر ملکی سرمایہ کارووں کو ہر ممکن سہولتیں دی جارہی ہیں، صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لئے پنجاب چیمبرز آف کامرس کوارڈی نیشن کمیٹی بنائی گئی ہے، صنعتکاروں اور تاجروں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں،صنعتکاروں کے مسائل کے لئے حل کے لئے ہمہ وقت حاضر ہوں۔
ایس ایم تنویر نے کہا کہ نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری الیکشن کے منصفانہ اور شفاف انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے تاہم مختصر مدت میں انڈسٹری کے فروغ اور صنعتکاروں کے مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے حوالے سے فالو اپ بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کول اور سولر پاور پلانٹس لگائے گئے ہیںجبکہ سرکاری عمارتوں کو سولر پر منتقل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکوز پروانیشنلائز کرنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔