پاک چین ،دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک وہیکلز کی پیداوار شروع کرنے کا فیصلہ

چینی اور پاکستانی کمپنیوں کے مشترکہ منصوبے کے تحت دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک وہیکلز کی پیداوار شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ یہ جوائنٹ وینچر اپریل میں چینی الیکٹرک وہیکل مینوفیکچرر بینلنگ گروپ، چینی بیٹری مینوفیکچرر ڈونگ جن گروپ اور پاکستانی آٹو کمپنی کران گروپ نے قائم کیا ۔دو اور تین پہیوں والی وہیکلز پاکستان میں نقل و حمل کے لئے بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہیں اور ملک کے نقل و حرکت کے ماحولیاتی نظام کا ایک اہم حصہ ہیں۔

توقع ہے کہ یہاں تیار کی جانے والی گاڑیاں گنجان آباد شہری علاقوں میں موثر اور ماحول دوست نقل و حمل کے آپشنز کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کریں گی جہاں ٹریفک کا ہجوم اور فضائی آلودگی بڑے خدشات بن چکے ہیں۔ایک حالیہ انٹرویو میں ڈونگ جن پاکستان کے جنرل منیجر ہو گی نے کہا کہ توقع ہے کہ الیکٹرک ٹو ویلر اور تھری ویلرز کی تیاری کے لیے مواد، بیٹریاں اور آلات کی پہلی کھیپ اگلے ہفتے کسٹم کلیئرنس کے بعد پاکستان پہنچ جائے گی۔

ہم اس مہینے کے آخر میں یا ستمبر کے اوائل میں مشترکہ منصوبے کے ذریعہ تیار کردہ دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک وہیکلز کی پہلی کھیپ کے اجرا ء کے بارے میں پرجوش ہیں۔ کراچی کے قریب صنعتی زون میں واقع پیداواری سہولت کے ساتھ جوائنٹ وینچر پارٹنرز اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ پاکستان میں تیار ہونے والی الیکٹرک وہیکلز بین الاقوامی معیار پر پورا اتریں۔مزید برآں مشترکہ منصوبے کا مقصد سپلائی چین اور بعد از فروخت سروس نیٹ ورک کے قیام کے ذریعے مقامی افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ ہو نے کہا کہ تعاون کے عمل میں ہم الیکٹرک دو پہیوں والی اور تین پہیوں والی وہیکلز کی مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی کو پاکستان منتقل کرنا جاری رکھیں گے آٹو پارٹس کمپنیوں کے ساتھ تعاون کو وسعت دیں گے۔