پاک چین آٹوموبائل, الیکٹرک کار لانچ کرنے کا اعلان

پاک چین آٹوموبائل برانڈ اسلام آباد میں اپنی پہلی الیکٹرک کار کی نمائش کرے گا ،لانچنگ کمپنی کی نئی الیکٹرک وہیکل (ای وی ) کی مارکیٹنگ اور عوامی آگاہی کے لیے کی جائے گی۔پاک چائنا ہوازی گرین انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کی جانب سے اگلے ماہ اسلام آباد میں اپنی پہلی الیکٹرک کار کی نمائش کی جائے گی ۔

ہوازی گرین انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ اور الفلاح ای وی موٹرز کے سی ای او خالد محمود نے بتایا کہ الیکٹرک کار کو گھر بیٹھے باآسانی چارج کیا جا سکتا ہے، گاڑیوں کی اسمبلنگ پلانٹ کی اکتوبر میں چین سے آمد متوقع ہے جبکہ مینوفیکچرنگ نومبر 2023 میں شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پہلے ہی خیبر پختونخوا ہ کے حطار سپیشل اکنامک زون میں گاڑیاں بنانے والی فیکٹری کے لیے پلاٹ مختص کرنے کی منظوری دے چکی ہے،ہم جنوری 2024 میں ای وی کی بکنگ کا عمل شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس منصوبے کے دو مراحل ہیں، پہلے مرحلے میں 2 دروازوں اور 4 دروازوں والی کاریں متعارف کرائی جائیں گی۔ ہماری الیکٹرک گاڑیاں متوسط اور نچلے متوسط طبقے کیلئے فروخت کی جائیں گی اور ان گاڑیوں میں 100000 کلومیٹر یا 4 سال کی وارنٹی کے ساتھ لیتھیم بیٹری ہوگی۔ سی ای او نے بتایا کہ کمپنی اگلے سال دوسرے مرحلے میں منی پک اپس اور 2 وہیلر بائیک خاص طور پر خواتین کیلئے لانچ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے،2 دروازوں والی الیکٹرک کار ایک بار چارج کے ساتھ 225 کلومیٹر تک سفر کرے گی، 4 دروازوں والی الیکٹرک کار ایک چارج پر 350 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے، 5 ملین امریکی ڈالر کا پاک چین مشترکہ منصوبہ دو سے پانچ سالوں میں 100 فیصد ٹیکنالوجی کی منتقلی مکمل کر لے گا۔ کمپنی کے مطابق مینوفیکچرنگ مصنوعات یورپ اور ترکی سمیت کئی ممالک اور خطوں کو برآمد کی جائیں گی۔