نگران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان انٹرنیشنل روڈ ٹرانسپورٹ (ٹی آئی آر)روٹ خطے میں تجارتی روابط میں انقلاب لانے کے لیے تیار ہے،نئے شروع کردہ روٹ سے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ ہوگا جبکہ خشکی سے گھرے وسطی ایشیائی ریاستوں کو جوڑنے کے لئے ایک موثر اور محفوظ زمینی راستہ بھی فراہم ہوگا۔
ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارا تعاون بڑھ رہا ہے اوریہ ایک اور کامیابی کی مثال ہے ۔ کارگو ٹرکوں کا پہلا قافلہ پہلے ہی نئے ٹی آئی آر روٹ کے ذریعے چین سے پاکستان جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کنونشن کے تحت پہلی بار پاکستان کی نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور معروف چینی کمپنی سی ای وی اے لاجسٹکس کے تعاون سے سرحد پار سامان کی نقل و حمل کا آغاز کیا گیا ہے۔یہ اہم سنگ میل چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی 10 ویں سالگرہ کے موقع پر حاصل ہوا۔