چینی نائب وزیر اعظم کی پاکستان آمد

چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کے دس سال مکمل ہونے کی مناسبت سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ، چین کے نائب وزیر اعظم ہی لیفینگ کی سی پیک کے دس سال مکمل ہونے پر پاکستان میں منعقدہ مرکزی تقریب میں شرکت کیلئے تین روزہ دورے پر آمد کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت کو چین اور پاکستان کے پرچموں اور دونوں ممالک کی قیادت کی تصاویر سے سجا دیا گیا ہے ۔

حکومت کی طرف سے وفاقی دارالحکومت میں 31جولائی اوریکم اگست کو تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ چینی نائب وزیراعظم اپنے دورہ پاکستان میں صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ایک اعلامیے کے مطابق نائب چینی وزیراعظم نے سی پیک اور پاک چین اقتصادی تعلقات میں اہم کردار اداکیا، ہی لائفنگ سی پیک منصوبوں پرعملدرآمد میں بھی متحرک رہے، چینی نائب وزیراعظم کا دورہ پاک چین اعلی سطح کے رابطوں کاحصہ ہے۔چینی نائب وزیراعظم کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے رابطوں کی اہم کڑی اور پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کا عکاس قرار دیا ہے۔