میانوالی میں 1200 میگاواٹ کے نیوکلیئر پاور پلانٹ چشمہ 5 کا سنگ بنیاد رکھ دیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کا عکاس ہے، چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 ایک اہم سنگ میل ہے، چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کو عالمی توانائی ایجنسی نے بھی محفوظ قرار دیا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے میانوالی میں چشمہ5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ۔ اس موقع پر وفاقی وزرا ء انجینئر خرم دستگیر، احسن اقبال ،پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور ،پاکستان میں چین کے سفارتخانہ کے ناظم الامور پینگ چنگ سو ،چائنہ نیشنل نیوکلیئر کوآپریشن کے چیئرمین یو جیان فنگ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کے نتیجے میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 کی نہ صرف لاگت میں کمی کی گئی بلکہ اس کی استعداد کو 1100 میگاواٹ سے بڑھا کر 1200 میگاواٹ کر دیا گیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں،چشمہ 5 جوہری توانائی منصوبہ بذات خود بہت بڑا سنگ میل، کامیابی کی زبردست کہانی اور دو عظیم دوستوں کے درمیان تعاون کی شاندار علامت ہے،صاف، موثر اور نسبتاً سستی توانائی کو فروغ دینے کیلئے باہمی تعاون دونوں ممالک کے درمیان عظیم دوستی کا مظہر اور دوسرے ممالک کیلئے نمونہ ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں،چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کا عکاس ہے، چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوںنے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، مشکل وقت میں دوست ممالک نے تعاون کیا،تعاون کی کہانی چین کی مدد کے بغیر نامکمل ہے، مشکل وقت میں چین نے 5 ارب ڈالرز کے قرضوں کو رول اوور کیا،عظیم دوست کی مشکل وقت میں مدد کو کبھی نہیں بھولیں گے، آئی ئی ایم ایف پروگرام کی منظور ی کے بعد ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔مشکل وقت میں چین، سعودی عرب اور یو اے ای کی معاونت پر شکر گزار ہیں، پچھلے 4 ماہ میں پاکستان کی معیشت کو بچانے کے لیے چین نے متعدد اقدامات کیے۔انہوںنے کہاکہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 جیسے منصوبوں کا شروع ہونا افواہیں پھیلانے والوں کو موثر جواب ہے، چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ کو عالمی توانائی ایجنسی نے بھی محفوظ قرار دیا ہے۔۔انہوں نے کہا کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 5 سستی توانائی کے حصول کی جانب قدم ہے۔پاکستان میں چین کے سفارتخانہ کے ناظم الامور پینگ چنگ سو نے کہا کہ چشمہ5 پاکستان کو کم کاربن ،صاف اور سستی توانائی پیدا کرنے میں مدد دے گا جس سے مقامی سطح پر ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ چائنہ نیشنل نیوکلیئر کوآپریشن کے چیئرمین یو جیان فنگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جوہری توانائی کے شعبہ میں تعاون ہر موسم کے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا لازمی حصہ بن چکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سی فائیو منصوبہ ایچ پی آر 1000 ترقی کے عالمی سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کہا کہ چشمہ 5 کے منصوبے کے حوالے سے وزیراعظم کی خصوصی ہدایت تھی اور اس کے بغیر اس کا آغاز ممکن نہیں تھا، اس کے لئے وفاقی وزراء سمیت تمام حکام نے بھرپور تعاون کیا۔ چشمہ5 پاکستان کا بجلی پیداکرنے والا سب سے بڑا جوہری توانائی کا منصوبہ ہے جو انتہائی ماحول دوست ہے ، اس منصوبے کی تکمیل سے قومی گرڈ میں مزید 1200 میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوا گا، نیوکلیئرپاورپلانٹس نے ملک میں روزگار کے مواقع پیداکئے ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی آئی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) رافیل ماریانو گروسی کی جانب سے مختصرپیغام بھی سنایا گیاجس میں انہوں نے وزیراعظم کو چشمہ5 کے سنگ بنیاد پر مبارکباد دی اور آئی ای اے ای کی جانب سے تعمیری رابطہ جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔چیئرمین چائنا نیوکلیئر کمیشن نے وزیر اعظم کو سووینیئر پیش کیا۔