چین نے پاکستان کے گروپ دورے دوبارہ شروع کردیئے

چین کی وزارت ثقافت و سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ چین نے پاکستان، بنگلہ دیش، میانمار، میکسیکو سمیت تقریباً 80 ممالک میں چینی شہریوں کیلئے بیرون ملک سفر دوبارہ شروع کردیئے ،یہ چین کے پائلٹ پروگرام میں بیرون ملک گروپ کے دوروں کے لئے مقامات کی تیسری کھیپ ہے۔ مقامات کی تعداد بڑھانے کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین کی سمندر پار سیاحت کی صنعت گزشتہ ماہ کے دوران تیزی سے بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔

مبصرین نے نشاندہی کی کہ مزید چینی مسافروں کی واپسی سے عالمی سیاحت کی صنعت کو بہت ضروری فروغ ملے گا اور عالمی معیشت میں امید پیدا ہوگی ۔بیجنگ اسپورٹس یونیورسٹی میں تفریحی کھیلوں اور سیاحت کے پروفیسر جیانگ یی نے مشورہ دیا کہ بیرون ملک سیاحت کا شعبہ مارکیٹ پر مبنی ہے اور بہت سی خدمات کی مصنوعات کو پیشگی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاحت کے شعبے میں پاک چین تعاون بڑھانے کے لیے چین میں پاکستانی سفارت خانے نے ڈسکور پاتھیے کے نام سے ایک ویب سائٹ لانچ کی ہے جس میں پاکستان میں سیاحت کے اہم مقامات کے بارے میں معلومات اور بڑے عجائب گھروں، مالز اور ہوٹلوں کی آفیشل ویب سائٹس کے لنکس شامل ہیں۔ اس سے قبل بیجنگ کے پیلس میوزیم میں گندھارا آرٹ نمائش کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پاکستان سے آنے والے 173 نوادرات کی نمائش کی گئی تھی۔ یہ چینی بھائیوں اور بہنوں کو یہ بتانے کے لیے ایک قدم ہے کہ پاکستان کیا پیشکش کر سکتا ہے۔