دواسازی کے خام مال کے کولڈ اسٹوریج کی تعمیر کے لئے تعمیراتی سامان کے 31 شپنگ کنٹینرز چین سے براہ راست گوادر فری زون پہنچ گئے ۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اینڈی لیائونے بتایا کہ یہ سامان ہینگینگ ایگریکلچر پارک میں کولڈ اسٹوریج یونٹس کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال میں یہ دوسری کھیپ ہے جس میں چین سے سامان درآمد کیا گیا ہے، پہلی کھیپ جنوری میں اسٹیل کے ڈھانچے کا سامان منگوایا گای تھا جبکہ سامان کی تیسری کھیپ اگلے ہفتے یہاں پہنچے گی ۔انہوں نے بتایا کہ مئی میں ہینگینگ زرعی صنعتی پارک میں اسٹیل کے ڈھانچے کی ورکشاپ کی تنصیب مکمل ہو گئی تھی جبکہ آلات کی تنصیب کا آغاز رواں ماہ جون میں کیا گیا ۔بتایا گیا ہے کہ فیکٹری کا 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ کولڈ اسٹوریج اور مشینری کی تعیناتی سمیت دیگر تعمیرات باقی ہیں ،توقع ہے کہ فیکٹری اگست 2023 تک تیار ہو جائے گی۔سی ای او اینڈی لیائونے پاکستانی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زرعی صنعتی پارک کا قیام پاکستان کی ضروریات اور حالقات سے مطابقت رکھتا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ گوادر کی ترقی سے خطہ مزید مستحکم ہوگااور خصوصاًپاکستان میں لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا اور معیشت خوشحال ہوگی۔