”گرین گوادر ، کلین گوادر ” کے سلوگن کے تحت گوادر کو پولی تھین بیگز (پلاسٹک کی تھیلے)سے پاک کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا جس کے تحت پلاسٹک کے تھیلے کی فروخت اور استعمال پربھاری بھرکم جرمانے اورمقدمات کا اندراج کیا جائے گا ۔
انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی حکومت بلوچستان کے مراسلے کے بعد انوائر منٹ آفس ضلع گوادر کی جانب سے پلاسٹک کے تھیلے بنانے والوں کارخانوں، تاجروں اور دکانداروں کو اس سلسلہ میں تنبیہ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ محکمہ تحفظ ماحولیات نے ممانعت استعمال و فروخت پلاسٹک تھیلے آرڈیننس2001اور بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت پلاسٹک کے تھیلے کے استعمال اور فروخت پرمکمل پابندی عائد کی ہے ۔
مزید کہا گیا ہے کہ ا یسے تمام کارخانہ دار ، تاجر و دکاندارجو 40 مائیکرون سے بار یک پلاسٹک کے تھیلے بناتے یا کاروبار کرتے ہیں کو آخری بار تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ مذکورہ کاروبارکو 4 فروری 2023سے پہلے ترک کردیں بصورت دیگر پابندی کی خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون برائے تحفظ ماحولیات بلوچستان 2012 کے تحت بلا امتیاز سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے تمام کارخانوں ، تاجروں اور پلاسٹک گوداموں کو آخری بار تنبیہ کی جاتی ہے کہ اگر4 فروری 2023 کے بعد دکان ، گودام یا شا پنگ مال سے پلاسٹک کے تھیلے برآمد ہونے پر ماحولیاتی قوانین کے مطابق سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی جس میں بھاری بھرکم جرمانہ ،ایف آئی آر کاا ندراج کرنا اور پلاسٹک تھیلوںکو ضبط کر لیا جائے گا۔