رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں چینی سفارت خانے کی جانب سے چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی اور مقامی این جی او ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن گوادر کے اشتراک سے گوادر کے مقامی لوگوں کے لیے تین روزہ افطار کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔اس سلسلہ کی پہلی افطاری اتوار کے روز دی گئی اور یہ سلسلہ منگل تک جاری رہے گا ۔
چینی سفارتخانے نے گوادر کے مقامی لوگوں کے لئے رمضان المبارک کی مناسبت سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی اور مقامی این جی او ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن گوادر کی جانب سے معاشرے کے کمزور طبقے سے تعلق رکھنے والے گوادر کے 200 سے زائد افراد کو افطار ی دی جارہی ہے ۔جس میں تازہ پانی، مشروبات، میٹھے اور نمکین کھانے اور مقامی پکوان شامل ہیں۔ سی او پی ایچ سی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سی ایس آر فریم ورک کے تحت سی او پی ایچ سی گوادر کے مسلمان باشندوں کو بھائی سمجھ کر ان کے لیے خصوصی افطار کا اہتمام کر رہا ہے۔
یہ اقدام انسان دوستی، انسانیت اور چین اور گوادر میں کمزور طبقے کی مقامی کمیونٹی کے درمیان عوام سے عوام کے رشتے کی لازوال نقوش چھوڑتا ہے۔ہیلپنگ ہینڈ فائونڈیشن کے عہدیدار نے کہا کہ جس طرح کی امداد ہمیں معزز سفارت خانے سے ملی ہے وہ بے مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمزور طبقے کو افطاری کی صورت میں کھانے کی فراہمی کے ساتھ یہ حوصلہ بھی ملا ہے کہ چین کے لوگ بلا تفریق ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ہیلپنگ ہینڈ فانڈیشن کے ایک اور عہدیدار نے سی او پی ایچ سی اور چینی حکام کی جانب سے نیک کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ چینی بھائیوں کی جانب سے خاص طور پر مذہبی تقریب کے لیے اس طرح کی فراخدلی سے تعاون ان کی شمولیت اور بقائے باہمی کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔