گوادر کے ماہی گیروں کے لئے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے اعلان کردہ پیکج کے تحت اعلیٰ معیار کی 15ہارس پاور موٹر بوٹ انجنوں کی خریداری کیلئے عملی پیشرفت شروع ہو گئی ہے ، گوادر پورٹ اتھارٹی نے منصوبے میںشفافیت کو یقینی بنانے کے لئے مستحق ماہی گیروں کا ریکارڈ مرتب کر کے فہرستیں تین مقامات پر آویزاں کر دیں ۔
چیئر مین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدی کی قیادت میں ماہی گیروں کے لیے خصوصی پیکج سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر گوادر عزت نذیربلوچ سمیت ماہی گیری نمائندوں اور نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ فشریز کی جانب سے مستحق ماہی گیروں کا ریکارڈ مرتب کر کے فہرست بنائی گئی ہے اور اسے گوادر کے تین پوائنٹس گوادر پورٹ ہیڈ آفس ، ڈپٹی کمشنر آفس اور محکمہ فشریز آفس گوادر میں آویزاں کیا گیا ہے ۔
ماہی گیر اس میں اپنے اپنے ناموں کی تصدیق کرسکتے ہیں اور اگر انہوں نے کوئی تجاویز دینی ہیں یا انہیں اعتراض ہو تو وہ اپنی شکایت درج بالا جگہوں میں دفتری اوقات میں جمع کر اسکتے ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ تجاویز ، اعتراضات و تصدیق کا عمل ایک ہفتے تک جاری رہے گا اورمقررہ معیاد کے بعد کوئی بھی اعتراض یا تجاویز قابل قبول نہیں کی جائے گی۔