گوادر فری زون نارتھ جسے فیز ٹو کہا جاتا ہے آئندہ چار ہفتوں کے دوران اپنا پہلا باضابطہ اپریشن شروع کر دے گا ،گوادر میں دو ایکسپورٹ کمپنیاں آپریشن شروع کرنے کیلئے تیار ہیں اور ان سر گرمیوں سے ہزاروں کی تعداد میں ملازمتیں پیدا ہوں گی۔گوادر فری زون نارتھ 2,221ایکڑ کے بڑے رقبے پر پھیلا ہوا ہے جسے20 سال کی مدت کے لیے ہر قسم کے ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔
اہم پیشرفت میںایک برآمدی کھاد کمپنی جواگوین پرائیویٹ لمیٹڈ سے مطابقت رکھتی ہے اگست کے دوسرے ہفتے میں اپنے پہلے پروڈکشن آپریشن کی تیاری کر رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اگوین پرائیویٹ لمیٹڈ گوادر نارتھ فری زون میں انڈسٹری قائم کرنے والا پہلا سرمایہ کار ادارہ ہے۔ اس نے فرٹیلائزر فیکٹری لگانے کے لیے فری زون میں 10 ایکڑ اراضی حاصل کی ہے۔ اگوین چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کی جانب سے بجلی اور پانی کی فراہمی جیسے عارضی انتظامات کے تحت کام شروع کرے گی۔ پراجیکٹ کوارڈی نیٹر نے بتایا کہ اگوین سینکڑوں ملازمتوں کے مواقع فراہم کرے گی اور اشیا ء اور خام مال کی فراہمی کے حوالے سے مقامی کاروباری مواقع فراہم کرے گی۔
آپریشن کے بعد یہ ممکنہ طور پر دوسرے سرمایہ کاروں کو گوادر فری زون کی جانب راغب کر سکتی ہے۔ پراجیکٹ کوارڈی نیٹر نے مزید کہا کہ کھاد کی تیاری کے لیے خام مال کے طور پر استعمال ہونے والے سلفر اور سلفیورک ایسڈ کو ایران اور وسطی ایشیائی ممالک سے درآمد کیا جائے گا۔ ایک اور برآمدی کمپنی ہینگینگ اپنی شاخوں ہینگینگ ٹریڈ کو(ایس ایم سی،پی وی ٹی)لمیٹڈ اور یوان ہوا انڈسٹریل کو کے ساتھ گوادر فری زون نارتھ میں کام شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہینگینگ ٹریڈنگ کمپنی لمیٹڈ ایلو ویرا جیسی زرعی مصنوعات کی کاشت اور خریداری کو فروغ دے گی اور گوادر فری زون میں پروسیسنگ اور چین کو برآمد کرنے کے لیے دواسازی کے خام مال کو عالمی سطح پر درآمد کرے گی۔ یوان ہوا انڈسٹریل کو لمیٹڈ بنیادی طور پر مویشی پالنے اور مویشیوں کی ترقی میں مشغول ہوگی۔ ہینگینگ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آپریشن جس کے جلد ہی شروع ہونے کی امید ہے سے مقامی لوگوں کے لیے ایک ہزار براہ راست اور تین ہزار بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔