گوادر, چینی باشندوں کو چوکس رہنے کی ہدایت

چین نے گوادر سمیت پاکستان بھر میں چینی باشندوں کو چوکس رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حفاظتی خطرات کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔اس سلسلے میں کراچی میں قائم چینی قونصلیٹ کی جانب سے گوادر میں چینی قافلے پر حملے پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اتوار کو چینی کانوائے پر حملے میں کسی بھی چینی باشندہ کو نقصان نہیں پہنچا ، بیان میں بتایا گیا کہ 13 اگست کو گوادرشہر میں گوادر پورٹ کے قریب چینی شہریوں کو لے جانے والے قافلے پر حملہ کیا گیا،واقعے میں کسی بھی چینی باشندے کو کوئی بھی نقصان نہیں پہنچا اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہوا ہے جبکہ متعلقہ اہلکاروں کو مناسب طریقے سے حفاظت میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان میں چینی سفارتخانہ دہشتگردی کی اس کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے اس سلسلے میں کراچی میں سفارت خانے او ر قونصلیٹ جنرل نے فوری طور پر ہنگامی ردعمل کا آغاز کرتے ہوئے پاکستانی حکام سے حملے کی مکمل تحقیقات کرنے، مجرموں کو سخت سزا دینے، ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے عملی اور موثر اقدامات کرنے کی درخواست کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چین دہشتگردی کے خطرات سے مشترکہ طور پر مقابلہ کرنے اور پاکستان میں چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے پاکستانی فریق کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گااورموجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر، چینی سفارتخانہ پاکستان میں چینی شہریوں کو یاد دلاتا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور حفاظتی خطرات کے خلاف احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ان کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔