آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا گوادر کا دورہ

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گوادر کا دورہ کے موقع پر علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی پر زور دیتے ہوئے تعلیم، سولر سسٹم کی تنصیب، ماہی گیری، پانی، صحت، کھیل اور معاش سے متعلق فلاحی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گوادر کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال، فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، سی پیک سکیورٹی اور پرامن اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے تمام رینکس کی کوششوں کو سراہا اور بلوچستان کے عوام کی بھلائی کے لیے پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ کام جاری رکھنے پر زور دیا۔آرمی چیف نے مقامی عمائدین، منتخب نمائندوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے زور دیا کہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، عوام اور مسلح افواج امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کی بہتری کے لیے پیشہ وارانہ عزم کے ساتھ کوششیں جاری رکھی جائیں۔سید عاصم منیر نے علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی پر زور دیتے ہوئے تعلیم، سولر سسٹم کی تنصیب، ماہی گیری، پانی، صحت، کھیل اور معاش سے متعلق فلاحی منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ آرمی چیف کے دورے کے موقع پر وزیراعلی بلوچستان عبد القدوس بزنجو اور کور کمانڈر کوئٹہ بھی موجود تھے۔