آرمی چیف عاصم منیر کا دورہ چین

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بیجنگ کے چار روزہ سرکاری دورے کے پہلے دن پیپلز لبریشن آرمی کے ہیڈ کوارٹرز میں اپنے چینی ہم منصب سے تفصیلی ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف کو پیپلز لبریشن آرمی ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔جنرل عاصم منیر نے چاق و چوبند دستے کا معائنہ کیا جس کے بعد پی ایل اے کے کمانڈر کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی سلامتی کے امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں فوجی کمانڈروں نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور فوجی تعاون بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے پی ایل اے کے دستوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے تربیت کے اعلی معیار اور فوجیوں کی طرف سے دکھائی گئی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔جنرل عاصم منیر دونوں افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے چین میں فوجی رہنمائوں سے مزید ملاقاتیں کریں گے، یہ ملاقاتیں آرمی چیف کے چین کے چار روزہ دورے کا حصہ ہیں۔آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ جنرل عاصم منیر کا چوتھا بیرون ملک کا دورہ ہے۔