اسلام آباد ماڈل سپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

وزیرا عظم شہباز شریف نے اسلام آباد ماڈل سپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز سریف نے کہا کہ سی پیک نواز شریف کی کاوش تھی جس کی بدولت 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا چاہتا ہوں کہ ایک ایسا منصوبہ جو کئی سال پہلے وجود میں آجانا چاہیے تھا، اس کا 5 سال کی تاخیر سے آغاز کیا جا رہا ہے۔

یہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں سی پیک کے تحت اسپیشل اکنامک زونز کا اجرا ء ہونا تھا۔سی پیک کے تحت جن منصوبوں کا آغاز کیا گیا ان میں 2015 سے 2018 تک 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ۔وزیراعظم نے کہا کہ اگر چین سے اعلیٰ معیار کی استعمال شدہ ٹیکنالوجی پاکستان میں لائی جاتی تو پاکستان کی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا اس سے روزگار، پیداوار اور محصولات میں بھی اضافہ ہوتا لیکن بدقستمی سے اس تمام کوشش کو خیرآباد کہہ دیا گیا ۔انہوںنے کہا کہ جتنی ہماری ایکسپورٹ ہے ڈوب مرنے کا مقام ہے، اگر ہم دن رات محنت کریں گے تو تمام منزلیں عبور کریں گے، پاکستان کے ذخائر 14 ارب ڈالر کے قریب ہیں، دوست ممالک کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے، قرضوں سے ہمیں اب نکلنا ہو گا، دوست ملکوں سے کہا خدا کرے اب ہمیں قرضوں کی درخواست نہ کرنی پڑے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ ہمیں انڈسٹریل زونز کارو باری حضرات کو لیز پر دینے چاہئیں، اگر حکومت زمینوں کی قیمتیں بڑھائے گی تو کون آ کر سرمایہ کاری کرے گا، زمینیں لیز پر دیں گے تو ملک تیزی سے آگے رواں دواں ہو گا۔