امریکی سفیر کا دورہ گواد

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گوادر بندرہ گاہ دورہ کیا ہے جبکہ انہوں نے اپنے دورے کے دوران سیاسی رہنمائوں، گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں اور حکومتی اور نجی شعبے کے مختلف رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے گوادر کا تفصیلی دورہ کیا ۔اس دورے کے دوران ترقی، تجارت اور تجارتی تعلقات کومہمیز دینے کیلئے مواقعوں کا جائزہ لیا گیا تاکہ اس دورے کے کامیاب نتائج کو بروئے کار لایا جا سکے جن کا محور پاک،امریکہ دو طرفہ تعلقات ہیں۔امریکہ نے گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کے خوراک اور اشد ضروری رقم کے ذریعے 6 لاکھ 61ہزارافراد کی اعانت کی اور 90ہزار بچوں کو بھوک کے خطرے سے نمٹنے کیلئے کھانا فراہم کیا ۔

گزشتہ سال کے دوران امریکی اعانت سے 41مراکز صحت کی کامیابی سے تجدید کی گئی۔ تعلیم کے میدان میں امریکی اعانت سے بی یو آئی ٹی ای ایم ایس اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں پروگراموں کو فروغ دیا گیا ، اس طرح بلوچی اور مختلف دوسری زبانوں کی تدریس اور تعلیمی مواد کو ترقی دے کر آئندہ نسل کے نوجوانوں کو بااختیار بنایا گیا۔اپنے دورے کے دوران سفیر بلوم نے سیاسی رہنمائوں، گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں اور حکومتی اور نجی شعبے کے مختلف رہنمائوں سے تعمیری مذاکرات کئے۔ سیاسی رہنمائوں کے ساتھ اپنی ملاقات میں سفیر نے معاشی نمو، آفات کے دوران مدد اور تیاری ، سکیورٹی اور امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے بلوچستان کی ترقی کیلئے امریکی اعانت کا اعادہ کیا اوران اقدامات کا ذکرکیا جن کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری کیلئے اپنے ہاں ماحول کو بہتر بنا سکتا ہے۔گوادر ایوان ہائے صنعت و تجارت کے ارکان سے اپنی ملاقات میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے ان عوامل پر توجہ مرکوز کی جن کے ذریعے خطے میں کاروبار، نقل و حمل، سیاحت، ماہی گیری اور سمندرسے متعلقہ معاشی شعبوں میں امریکی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وفدنے بتایا کہ کس طرح پاکستانی کی قیادت میں تمام گروہوں کی شمولیت سے کاروباری تعلقات کو فروغ دے کربلوچستان بھر میں روزگار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے اور کس طرح کاروباری تعلقات کو وسعت دے کر بلوچستان میں تکنیکی مہارتوں میں اضافہ اور دوطرفہ تجارت کوفروغ دیا جا سکتا ہے۔حکومتی اور کاروباری رہنماوں سے اپنی ملاقاتوں میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاک،امریکہ سبز اتحاد فریم ورک پر بھی بات کی جو ہمارے دونوں ملکوں کو مل کر ماحول، توانائی، پانی اور معاشی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد دے رہا ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ہم خاص طور پر بلوچستان سمیت سارے پاکستان کو ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کی استعدادبڑھانے، متبادل توانائی کیلئے کوششوں اور سب کیلئے معاشی ترقی کو فروغ دینے میں اعانت فراہم کررہے ہیں۔