انسانی جانیں بچانے والے بلوچ ڈرائیور کوتمغہ شجاعت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انسانی جانیں بچانے پر بلوچ ڈرائیور فیصل بلوچ کو یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بہادری کا تمغہ عطا کیا ۔ ڈرائیور فیصل بلوچ نے اپنے جان خطرے میں ڈال کر کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر جلتے ہوئے آئل ٹینکر کوآبادی سے دور منتقل کر کے کوئٹہ کو بڑے جانی حادثے سے بچا لیا تھا ۔

آئل ٹینکر کا ڈرائیور محمد فیصل بلوچ کوئٹہ شہر کے ایک گنجان آباد علاقے قمبرانی روڈ پر واقع فیول اسٹیشن پر ٹینکر خالی کر رہا تھا کہ اس دوران آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ نے آئل ٹینکر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم اس دوران فیصل بلوچ نے بہادری کا مظاہرہ کیا اور وہ جلتے ہوئے آئل ٹینکر کو آبادی سے دور لے جانے میںکامیاب ہو گیا جس سے گنجان آباد علاقہ بڑے جانی و مالی نقصان سے بچ گیا ۔اسلام آباد میں یوم پاکستان کے حوالے سے ایوان صدر میں صدارتی ایوارڈ دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیاجہاں پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بہادر بلوچ ڈرائیور کو تمغہ شجاعت سے نوازا۔فیصل بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے اور میرے خاندان کے افراد کے لیے خوشی کا دن ہے۔مجھے یقین نہیں آرہا کہ معاشرہ اور ریاستی ادارے ان کی اس طرح حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے یہ میری زندگی کی سب سے خوشی کی تحریک تھی۔