بلوچستان میں مردم شماری کا عمل مکمل

بلوچستان میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کا عمل مکمل ہوگیا ،بلوچستان کی آبادی 2کروڑ 15 لاکھ سے تجاوز کرگئی،صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی آبادی 28 لاکھ 22 ہزار سے زائد ہوگئی جس میں مزید 3لاکھ اضافے کا امکان ہے۔ یہ بات صوبائی کمشنر مردم شماری نور احمد پرکانی نے بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ یکم مارچ سے بلوچستان میں شروع ہونے والی ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کاعمل مکمل کرلیا گیا ہے ،ڈیجیٹل مردم شماری میں بلوچستان کی آبادی 2کروڑ 15 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے ، کوئٹہ میں 28 لاکھ 22 ہزار سے زائد نفوس کو گنا جاچکا ہے ، کوئٹہ میں مدارس،ہاسٹلز،تھانوں اور سرکاری عمارتوں کی جانے والی مردم شماری کا کاڈیٹا فیڈ کیا جا رہا ہے کوئٹہ کی آبادی میں مزید3 لاکھ نفوس میں اضافے کا امکان ہے۔ڈیٹا کو فیڈ کرنے کا تمام عمل 15 روزمیں مکمل ہوجائے گا۔نور احمد پرکانی نے بتایا کہ کوئٹہ کے بعد خضدار،کیچ اور پشین کے اضلاع کی آبادی زیادہ ہوئی ہے۔کمشنر مردم شماری نے بتایا کہ یکم جون تک مردم شماری کے نتائج وفاقی حکومت کو پیش کردئیے جائیں گے،مردم شماری کے نتائج تسلیم کئے جانے کے بعد نئی حلقہ بندی شروع کی جائے گی ۔