بلوچستان, گرین لائن بس سروس کا باضابطہ آغاز

بلوچستان میں گرین لائن بس سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ۔ پہلے مرحلے میں کوئٹہ میں گرین لائن بس سروس کا آغاز کیا گیا ہے جو بلیلی تا کوئلہ پھاٹک چلائی جائے گی جو 18کلومیٹر طویل روٹ ہے ۔چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں گرین بس سروس کا افتتاح کیا ۔

بس میں 41 افراد کی بیٹھنے اور 20 افراد کے کھڑے ہو کر سفر کرنے کی گنجائش ہے۔افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے بتایا کہ گرین بسوں کا یہ پہلا فیز ہے جلد مزید 20 بسیںلائیں گے، بسوں کی کمی کی وجہ سے اسے دو یونیورسٹیوں کے درمیان چلایا جارہا ہے۔عبدالعزیز عقیلی نے بتایا کہ اس وقت بسوں کا روٹ 18 کلومیٹر طویل ہے، ہر 15 منٹ کے بعد بس آتی رہے گی، گرین بس سروس صبح 7 بجے سے شام 8 بجے تک چلے گی، فیز 2 کیلئے ہزار گنجی، سبزل رو ڈ، میاں غنڈی اور ہزارہ ٹاون کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری ٹرانسپورٹ منور حسین مگسی نے بتایا کہ گرین بس سروس 8 بسوں پر مشتمل ہے، یہ بس سروس بلیلی اور کوئلہ پھاٹک کے درمیان چلائی جارہی ہے، یہ بسیں سروس ائیرپورٹ روڈ، کوئلہ پھاٹک، زرغون روڈ اور سریاب روڈ سے ہوتی ہوئی جامعہ بلوچستان پہنچیں گی۔