تکنیکی وجوہات کی بنا پر قونصلر ہال بند کیا گیا: چینی سفارت خانہ

پاکستان میں چینی سفارت خانے نے بدھ کو تصدیق کی ہے کہ اس نے تکنیکی وجوہات کی بنا پر صرف قونصلر ہال عارضی طور بند کردیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ چین نے قونصلر خدمات بند کر دی ہیں، جس کی وضاحت کرتے ہوئے سفارت خانے نے کہا ہے قونصلر سیکشن کی بجائے صرف قونصلر ہال بند کیا گیا ہے۔ تاہم سفارت خانے کا کہنا ہے کہ ایک نجی کمپنی کے ذریعے چلایا جانے والا جیریز ویزا سینٹر کھلا ہے اور سفارت خانے کی طرف سے فراہم کی جانے والی ویزہ سروس متاثر نہیں ہو گی۔

کچھ دن سے یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ چینی حکومت نے مبینہ طور پر اپنے شہریوں کو پاکستان میں سکیورٹی خطرات کے حوالے سے خبردار کیا ہے اور چینی سفارت خانے نے تکنیکی وجوہات کی بنا پر قونصلر خدمات اچانک معطل کر دی ہیں۔  ان افواہوں میں اس وجہ سے بھی اضافہ ہوا کیونکہ سابق چینی سفیر نونگ رونگ کی ایک ماہ قبل وطن واپسی کے بعد سے پاکستان میں اس وقت کوئی چینی سفیر موجود نہیں ہے۔

لیکن چینی شہریوں کو ممکنہ طور پر درپیش سلامتی کے خطرات سے متعلق خبروں پر سفارت خانے کی طرف سے کچھ نہیں کہا گیا۔  رواں ماہ پاکستان کے وزیر داخلہ نے ایک اجلاس کے بعد ہدایت دی تھی کہ چینی باشندوں کو فُول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔