سی پیک اقتصادی ترقی کا عظیم الشان منصوبہ :سینیٹر عبد القادر

پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اقتصادی ترقی کا عظیم الشان منصوبہ ہے ،رواں برس اس منصوبے کے دس سال مکمل ہو گئے ہیں اور اس تناظر میں تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ بات چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم ، قدرتی وسائل سینیٹر عبدالقادر نے اپنے بیان میںکہی ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی تقریبات میں چینی قیادت اور دانشوروں کو مدعو کیا جائے گا ،اسی طرح پاکستانی وفود چین جائیں گے ،دس برسوں میں چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے اور کئی زیر تکمیل ہیں ،آئندہ برس گوادر سے کاشغر تک ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ زیر غور ہے ،اس کے علاوہ کراچی سرکلر ریلوے، توانائی، زراعت،سائنس و ٹیکنالوجی،آٹی اور انفراسٹرکچر کے کئی دوسرے منصوبے مکمل کرنے کے ہدف پر بھی کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر جو کبھی ماہی گیروں کا چھوٹا سا گائوں تھاآج بین الاقوامی اہمیت کی بہت بڑی بندر گاہ بن چکا ہے جس سے پاکستان اور بیرونی دنیا کے درمیان کراچی کے علاوہ بھی سمندری راستے کھل گئے ہیں ،گوادر میں تجارتی زون کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد دوسرا مرحلہ زیر تکمیل ہے ،اس سے پاکستان میں موجود معاشی بحران حل ہو گا،روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ترقی و خوشحالی کا نیا دور آئے گا۔