سی پیک کے 10سال مکمل, تقریبات جاری

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے 10سال مکمل ہونے کی خوشی میں پاکستان میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے ۔ملک کے دیگر شہروں کی طرح خیبر پختوانخواہ میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں گورنر خیبر پختوانخواہ حاجی غلام علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال،صوبائی وزیر فضل الٰہی، معاون خصوصی ملک مہر الٰہی ،سی پی این ای کے صدر ارشاد عارف، جنرل سیکرٹری اعجاز الحق ،سی پی این ای خیبر پختونخوا ہ کے صدر طاہر فاروق، چائنہ سٹڈی سنٹر کی کوثر تکریم سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور بزنس کمیونٹی کے نمائند وں اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر چینی سفارت خانے کی چارج ڈی افیئر پنگ شن زو کاویڈیوپیغام بھی چلایاگیا۔تقریب میں سی پیک کے دس سال مکمل ہونے کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا ۔گورنر خیبر پختونخوا ہ حاجی غلام علی نے کہا کہ پاک چین دوستی سی پیک کی وجہ سے مزید مضبوط ہوئی ہے ،چین کی بے مثال ترقی مسلسل محنت اور قومی سوچ اپنانے کے باعث ممکن ہوئی ہے اورہمیں بھی چین سے سیکھتے ہوئے ایک قوم ہوکر ملک کوترقی وخوشحالی سے ہمکنا رکرنا ہوگا۔انہوںنے کہا کہ چین نے مختصر عرصہ میں جو بے مثال ترقی کی ہے اس پر پوری دنیا ورطہ حیرت میں ہے۔ چین ایک خاموش سپر پاور کے طور پر اپنا کامیابی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے اور آج دنیا میں کوئی گھر اور دفتر ایسا نہیں جہاں چینی مصنوعات موجود نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی قابل فخر ہے اور سی پیک کے باعث یہ مزید مضبوط ہوئی ہے،سی پیک کو پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شہ رگ کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے لحہ فکر یہ ہے کہ چین نے جس طرح ترقی کی ہے ہم ایسی ترقی کیوں نہ کر سکے ،ترقی کیلئے ضروری ہے کہ مسلسل محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی سے ہمکنار کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔