سی پیک 27.4 ارب ڈالر کے منصوبے مکمل

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت مالی سال 2015 سے مالی سال 2030 کے درمیان 62 ارب ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری میں سے 27.4 ارب ڈالر کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں،اب تک تقریباً 5,520 میگاواٹ کے توانائی کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔

پائیدار ترقیاتی پالیسی انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے جاری کردہ قابل تجدید توانائی پر سالانہ رپورٹ کے مطابق ان منصوبوں میں سے نصف سے زیادہ کوئلے پر مبنی پاور پلانٹس ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کوریڈور کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں میں 1320 میگاواٹ کا ساہیوال کول سے چلنے والا پاور پلانٹ، پورٹ قاسم کراچی میں 1320 میگاواٹ کا کول پاور پلانٹ، 1320 میگاواٹ کا چائنا حب کول پاور پراجیکٹ حب بلوچستان، 660 میگاواٹ کا اینگرو تھر کول پاور پراجیکٹ، 1000 میگاواٹ قائداعظم سولر پارک بہاولپور، 50 میگاواٹ ہائیڈرو چائنا داد ونڈ فارم گھارو، 100 میگاواٹ یو ای پی ونڈ فارم جھمپیر ٹھٹھہ، 50 میگاواٹ سچل ونڈ فارم جھمپیر، ٹھٹھہ، 100 میگاواٹ تھری گورجز سیکنڈ اور تھرڈ ونڈ پاور پروجیکٹ، مٹیاری سے لاہور 660کے وی ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن پروجیکٹ اور 720 میگاواٹ کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ آزاد کشمیر/پنجاب شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق زیر تعمیر منصوبوں میں 1320 ایس ایس آر ایل تھر کول بلاک ون(260میگا واٹ)، 330 میگاواٹ حبکو تھر کول پاور پروجیکٹ، 330 میگاواٹ حبکو تھل نووا تھر کول پاور پروجیکٹ، 884 میگاواٹ سوکی کناری ہائیڈرو پاور پروجیکٹخیبر پختوانخواہ اور 300 میگاواٹ کوئل فائلڈ پاور پروجیکٹ شامل ہیں۔

(سٹاف رپورٹ)