نال ٹو آواران مشکے گوادر موٹروے کی تعمیر کا آغاز

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مختلف منصوبوں اور گوادر پورٹ پر تجارتی سر گرمیوں میں تیزی آنے کے پیش نظر بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے ، بلوچستان کے کئی دشوار گزار علاقوں کو موٹرویز سے منسلک کردیا گیا ، 3ہزار ملین روپے کی لاگت سے نال ٹو آواران مشکے گوادر موٹروے کی تعمیر کا بھی آغاز کردیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے گوادرموٹرے نال ٹو آواران مشکے شاہراہ کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ہے، 168کلومیٹر پر مشتمل اس منصوبے کے لئے بجٹ میں3000ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ خضدار نال سے مشکے آواران تک راستہ دشوار گزار اور آمدو رفت کا کوئی بھی ذریعہ نہیں تھا تاہم یہ منصوبہ مکمل ہونے سے خضدار اور آواران کے درمیان فاصلہ انتہائی کم ہو جائے گا اور عوام کو آمد ورفت کی سہولت کے ساتھ تجاراتی مواقع بھی میسر آئیں گے۔

قبل ازیں حال ہی میں110کلومیٹر پر مشتمل بیسیمہ ٹو خضداراین 30روڈ مکمل ہو چکی ہے ،یہ سی پیک کا حصہ اور بلوچستان کو خضدار ضلع کے ذریعے سندھ اور پنجاب سے ملاتی ہے ،اس شاہراہ کی تعمیر کا آغاز چار سال قبل ہواتھا اوراس منصوبے پر 19.19ارب روپے لاگت آئی ہے ،اس شاہراہ کی تکمیل سے نہ صرف بلوچستان کے کئی اضلاع و تحصیل این 25شاہراہ اور ایم 8روڈ سے منسلک ہوجائیں گے بلکہ سفری سہولت تجارتی سہولت میسر آئے گی۔