وزیراعظم نوجوان پروگرام

وزیراعظم بااختیار نوجوانان پروگرام میں بلوچستان کے لئے 8000 میں سے 3000 انٹرن شپ رکھی گئی ہیں ،مختلف محکموں میں نوجوانوں کو انٹرن شپ دیں گے اس کے علاوہ گوگل کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے اسکالرشپس 1 ہزار سے بڑھا کر 3 ہزار کردی گئی ہیں جس سے نوجوان اپنا روزگا رکر سکتے ہیں ۔یہ بات چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی سیکرٹریز کمیٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری قانون عبدالصبور کاکڑ، سیکرٹری پراسیکیوشن غلام علی بلوچ ، سیکرٹری خزانہ زاہد سلیم سمیت تمام سیکرٹریز جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی ۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی پروجیکشن، پی ایس ڈی پی، وفاقی ترقیاتی منصوبوں، کیسکو بلوں کی ادائیگی، سرکاری گاڑیوں کی نیلامی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے سلسلے میں تمام بارڈرز کو سیل کیا گیا ہے جس سے صوبے میں گندم اور آٹے کی قیمت دوسرے صوبوں کی نسبت کم ہے ۔

چیف سیکرٹری نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے اپنائے جانے والے قومی کفایت شعاری کے اقدامات پر عملدرآمد کرکے تمام انتظامی افسران بجلی اور گیس کی بچت کے لیے اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کے طلبا کے لئے انٹرن شپ بااختیار نوجوانان پروگرام شروع کیا ہے اور ابھی تک تقریباً 4000 نوجوانوں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں،صوبے کے دوردراز علاقوں کے طلبا بھی اس پروگرام سے مستفید ہو ں اور زیادہ سے زیادہ طلبااور طالبات خود کو www.bnip.gov.pk سے رجسٹرڈ کرائیں ،گوگل کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے اسکالرشپس 1 ہزار سے بڑھا کر 3 ہزار کردی گئی ہیں جس سے نوجوان اپنا روزگا کر سکتے ہیں اور اس میں ابھی تک 961 طلبا جوائن کر چکے ہیں جس میں 462 طلبا اور 279 طالبات شامل ہیں۔