وزیراعظم پاکستان سے سی این این سی کی وائس چیئرمین کی ملاقات

چین نے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے نیوکلیئر انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کومزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف سے گزشتہ روز چائنہ نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کی وائس چیئرمین لیو جینگ اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کی ناظم الامور پنگ چن شوئی کی قیادت میں آنے والے وفد نے تفصیلی ملاقات کی۔چینی وفد نے وزیراعظم کوبتایا کہ چین پاکستان میں نیوکلیئر انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری مزید بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے اور اس حوالے سے جلد وفود کی سطح پر ملاقاتوں کا آغاز کیا جائے گا جس کا وزیر اعظم شہباز شریف نے خیر مقدم کیا۔

وفد سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کہا پاکستان چین کے سٹریٹجک تعلقات میں وسعت دونوں ممالک کی دہائیوں پر محیط دیرینہ دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔کراچی میں کے تھری منصوبے کا افتتاح دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید استحکام کا عکاس ہے،مذکورہ پاور پلانٹ نہ صرف پاکستان کی بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات پورا کرے گا بلکہ کم لاگت اور ماحول دوست بجلی فراہم کرے گا اور پاکستان کی طویل مدتی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔کراچی میں لگائے گئے کے تھری منصوبے کی شمولیت سے ایٹمی بجلی گھروں سے بجلی کی پیداوار 3600میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔