پاکستانی سیاحت میں نئے رجحانات متعارف

چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) پاکستان کی سیاحت میں نئے رجحانات متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر رہاہے ، سی پیک اپنے اعلی معیار کی ترقی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جس کیلئے مزید شراکت داری اورمشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے جس سے سیاحت کے شعبے میں بھی مزید نئے باب کھلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے انٹر ویو میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں کی جانب سے سیاحت کا آغاز پاکستان کے لیے ایک بہت ہی مثبت علامت ہے، پاکستان نے چینی زائرین کے استقبال کے لیے وسیع پیمانے پر تیاریاں کی ہیں۔سی پیک نے پاکستان کی سیاحت کو تبدیل کرنے میں بھی کردار ادا کیا ہے،اس نے نہ صرف پاکستان کے مختلف کاروباری مراکز اور شہروں تک رسائی کو بہتر بنایا بلکہ مختلف سیاحتی مقامات تک رسائی کو بھی آسان بنایا۔ بہتر رسائی کے ساتھ آنے والے سالوں میں کئی نئی پیشرفتیں ہوں گی جن میں سی پی ای سی کے راستوں پر سیاحتی زونز، نئے ہوٹلز اور سیاحتی مقامات کا قیام شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسا کہ سی پیک اپنے اعلی معیار کی ترقی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اس کے لئے مزید شراکت داری، مشترکہ منصوبوں اور سفر کی ضرورت ہے جس سے سیاحت کے شعبے میںمزیدنئے باب کھلیںگے۔سی پیک دونوں ممالک کی دوستی کی بہترین مثال ہے،ہم ہائی ویز بنا رہے ہیں جو پاکستان کو شمال سے جنوب، نیچے کراچی اور بندرگاہوں سے جوڑے گی اور بہت جلد ایک ریلوے منصوبہ نافذ کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ ہمارا اتنا طویل، برادرانہ، شاندار رشتہ ہے، اور ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ میرے خیال میں کورونا وبا ء کے بعد بحالی کے ساتھ چینی لوگ اپنے گھروں سے نکلنے اور پاکستان کا سفر کرنے کے منتظر ہوں گے۔