پاکستان ریلویز کی گوادر آمد

چینی کمپنیوں کی وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری اور دیگر ممالک کی دلچسپی کے باعث گوادر میں فروغ پاتی معاشی سر گرمیوں نے پاکستان ریلویز کو بھی گوادر میں اپنا مضبوط سسٹم بنانے کی جانب راغب کیا ہے

پاکستان ریلویز نے گوادر میں دفاتر قائم کر کے افسران اور دیگر عملہ تعینات کرکے اسے گوادر پورٹ اتھارٹی ، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، گوادر پورٹ اور فری زونز میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں سے روابط بڑھانے کا ٹاسک سونپ دیا ہے ۔ یہ بات وفاقی وزیر ریلویز و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میںبتائی ۔

اس موقع پر پاکستان ریلویزنے دو چائنیز کمپنیوں کے جوائنٹ ونچر کے ساتھ آٹو میٹک بکنگ اینڈ ٹریول اسسٹنٹ ایپ ”رابطہ ”کے معاہدے پر دستخط کئے ۔وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے گوادر پورٹ کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پاکستان ریلوے کی کافی اراضی موجود ہے ، ہم نے وہاں اپنا سب آفس کھول کر کے افسران اور عملے کوتعینات کر دیا ہے اس سے وہاں موجود ریلوے کی اراضی بھی محفوظ ہو سکے گی ۔

اس کے علاوہ ہم گوادر پورٹ اتھارٹی، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر جو کمپنیاں کام کر رہی ہیں ان سب سے مل کر مستقبل کے لئے ریلوے کا سیٹ اپ بنائیں گے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان ریلویز گوادر میں اپنا مضبوط سسٹم بنائے گا اور مستقبل میں یہاں ہونے والی معاشی سر گرمیوں سے بھرپور استفاد ہ کرے گا جس سے ریلوے کی مالی حالت بھی مستحکم ہو گی۔