چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی

چین پاکستان اقتصادی راہداری اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے،تمام سکیورٹی ادارے بالخصوص پنجاب پولیس اور انٹیلی جنس بیورو مل کر کام کریں۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت انسداد دہشتگردی اور غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب، نیشنل کوارڈی نیٹر نیکٹا، ہوم سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈی جی سیف سٹی سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ وزیر داخلہ کو صوبے میں انسداد دہشتگردی اور چینی باشندوں سمیت غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے لیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تمام سکیورٹی ادارے ملکی و غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں تمام تر ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔تمام افراد بشمول غیر ملکی شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کی لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے، سی پیک اور دیگر منصوبوں میں کام کرنے والے چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے۔

انہوںنے کہا کہ تمام سکیورٹی ادارے بالخصوص پنجاب پولیس اور انٹیلی جنس بیورو مل کر کام کریں۔ وزیر داخلہ نے سی ٹی ڈی اور سیف سٹی میں اصلاحات اور تنظیم نو کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں میں قابل اور محنتی افراد آگے آئیں، سیف سٹی سے اس وقت پچاس فیصد لاہور کی نگرانی کی جا رہی ہے، سیف سٹی سے لاہور کی 100 فیصد نگرانی کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔