چینی بینک کی پاکستان کیلئےبڑی مدد

چین کے ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر فنانسنگ کی سہولت کی منظوری دے دی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے بتایا کہ چین کے ترقیاتی بینک کے بورڈ نے رسمی کارروائی مکمل کرنے کے بعد 70 کروڑ ڈالر کی سہولت کی منظوری دے دی۔

انہوںنے کہاکہ یہ رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو اس ہفتے موصول ہونے کی توقع ہے جس سے اس کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کو فنڈز کی شدید ضرورت ہے کیونکہ اسے معاشی بحران کے چیلنجز درپیش ہیں جبکہ مرکزی بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر کے قریب ہیں، جس سے بمشکل تین ہفتے کی درآمدات کی جاسکتی ہیں۔

حکومت عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ بیل آئوٹ کے لیے ورچوئل مذاکرات کر رہی ہے جس کے تحت پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر کی قسط ملے گی، اس کے علاوہ دوست ممالک اور کثیر الاقوامی مالیاتی اداروں سے فنڈز ملنے کی راہ بھی ہموار ہو گی۔اسحق ڈار نے رواں سال کے آغاز میں کہا تھا کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال جون کے اختتام تک توقع سے بہت بہتر ہوگی۔