چینی سافٹ ویئر کمپنی کا پاکستان میں کام کا آغاز

چین کی معروف سافٹ ویئر کمپنی ایزی وے انوویشن نے پاکستان میں کام کا آغاز کر دیا ۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے چین کی معروف سافٹ ویئر کمپنی ایزی وے انوویشن کے اعلی سطح وفد نے شی ینگ جن کی قیادت میں ملاقات کی۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے وفد کو اپنے دفتر آمد پر خوش آمدید کہا ۔ملاقات میں پاکستان میں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور محکمانہ سطح پر ای آفس و ڈیٹا مینجمنٹ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے وفد کو پاکستان میں آپریشن شروع کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزارت آئی ٹی کی جانب سے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کے حوالے سے اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع میسر ہیں، حکومت پاکستان اس ضمن میں چین سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں کو بے پناہ مراعات و سہولیات فراہم کر رہی ہے۔