چینی قونصلیٹ, جناح ہسپتال کیلئے ڈائیلسز مشینوں کی فراہمی

چین کی جانب سے پاکستان میں صحت کے شعبے کی بہتری میں معاونت کا سلسلہ جاری ہے ، چینی قونصلیٹ لاہور کی جانب سے جناح ہسپتال کیلئے دو ڈائیلسز مشینیں فراہم کی گئی ہیں جن کا باضابطہ افتتاح بھی کر دیا گیا ۔چینی قونصلیٹ لاہور کی جانب سے فراہم کی جانے والی ڈائیلسز مشینوں کے افتتاح کے موقع پر قونصل جنرل ژائو شیرین نے کہا کہ چین ہمیشہ ان لوگوں کے لیے عوامی خدمات میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے جنہیں مفت طبی سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جناح ہسپتال کے بورڈ آف مینجمنٹ ،عملہ اور فیکلٹی لاہور اور پنجاب کے عوام کے لئے طبی خدمات انجام دینے کے عزم اور لگن پر تعریف کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی سال قبل چین نے اس ہسپتال کی تعمیر میں بھی مدد کی تھی اور اس منصوبے نے چین اور پاکستان کے درمیان آہنی اور دیرینہ دوستی کو ثابت کیا ہے ۔ ژائو شیرین نے کہا کہ چینی قونصلیٹ لاہور کو جناح ہسپتال کے ساتھ دوبارہ شراکت داری پر خوشی اور فخر ہے۔ دو ڈائیلسز مشینوں کی فراہمی اس سمت میں ایک چھوٹا سا قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی 10 ویں سالگرہ کے پس منظر میں طبی اور صحت کی دیکھ بھال میں تعاون سی پیک کا ایک اہم عنصر ہے جو پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود پر براہ راست اثر انداز ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اور حکومت کی اولین ذمہ داریوں میں سے ایک اپنے شہریوں خصوصاً پسماندہ طبقات کو معیاری صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم فراہم کرنا ہے۔قونصل جنرل لاہور جناح ہسپتال کے ساتھ رابطوں اور فعال تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے تاکہ مریضوں کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرنے کے لئے استعداد کار میں اضافے کے لئے تربیتی اور تبادلے کے پروگرام کیے جاسکیں۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ جناح ہسپتال گوہر اعجاز، علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ندیم حفیظ بٹ، جناح ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر یحیی سلطان اور دیگر بھی موجود تھے۔